حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جامعہ مدرسین اور حوزہ علمیہ کی اعلیٰ کونسل کے رکن آیت اللہ علی رضا اعرافی نے قم میں خواتین کے عظیم دینی و علمی مرکز "جامعة الزہرا (س)" کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے دینی و تعلیمی ادارے کی مختلف علمی، تربیتی، تبلیغی، سوشل میڈیا، اور بین الاقوامی سرگرمیوں کا قریب سے مشاہدہ کیا اور ان کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا: جامعة الزہرا (س) صرف ایران ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں دینی خواتین کے لیے ایک علمی مرجعیت اور نمونہ عمل بن چکا ہے۔

آیت اللہ اعرافی نے ادارے کے مختلف شعبہ جات میں ہونے والی پیشرفت مثلاً تعلیمی نصاب میں پیشرفت و جدید طرز تعلیم، اخلاقی و تربیتی پروگرامز، عالمی سطح پر رابطوں اور تحقیقی منصوبوں کو نہایت قابلِ تحسین قرار دیا۔
انہوں نے مزید کہا: عصر حاضر کے چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے ضروری ہے کہ دینی تعلیمی ادارے خصوصاً خواتین کے حوزات علمیہ جدید تقاضوں کے مطابق اپنے طریقہ کار کو بہتر بنائیں۔

حوزہ علمیہ کے مدیر نے کہا: اسلامی معاشروں میں خواتین کا کردار بنیادی اور انتہائی کلیدی ہے اور جامعة الزہرا (س) جیسے ادارے اس کردار کی درست رہنمائی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے ادارے کی موجودہ سربراہ، اساتذہ، محققین اور منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا: ان کی شبانہ روز محنتوں نے جامعہ کو علمی و تربیتی لحاظ سے اعلیٰ مقام پر پہنچایا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اس دورے میں جامعة الزہرا (س) کی انتظامیہ نے حوزہ علمیہ کے مدیر کو مختلف تعلیمی منصوبوں، پروگرامز اور اہداف پر بھی بریفنگ دی، جن میں حوزوی تعلیم کے ساتھ ساتھ تبلیغی و ثقافتی سرگرمیوں اور سوشل میڈیا پر خواتین کی مؤثر موجودگی شامل ہے۔
21:56 - 2025/05/18









آپ کا تبصرہ